(گونج خصوصی رپورٹ)یہ اخبار پریس میں جا رہا تھا جب یہ خبر ملی کہ مشہور پاپ سنگر مائیکل جیکسن انتقال کر گئے ہیں۔ لاس اینجلس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مشہور پاپ گلوکار مائیکل جیکسن ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر پچاس سال تھی۔اطلاعات کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے طبی عملے کو طلب کیا گیا۔ طبی عملے کو معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ سانس نہیں لے پا رہے جس کی وجہ سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ تاہم انہیں کوشش کے باوجود کبھی بھی ہوش میں نہیں لایا جا سکا۔مائیکل جیکسن کے بھائی جرمین کے مطابق خیال کیا جارہا ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ ان کی میت کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے شہر کے کورونر کے دفتر پہنچا دیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر مائیکل جیکسن کی صحت کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آ رہی تھیں۔ امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس اور اخبار لاس اینجلس ٹائمز کا کہنا تھا کہ ان کا انتقال ہو چکا ہے جبکہ دوسری طرف سی این این کا کہنا تھا کہ وہ ہسپتال میں کومے کی حالت میں ہیں۔لیکن بعد میں لاس اینجلس کے کورونر اس بات کی تصدیق کر دی کہ مائیکل جیکسن انتقال کر گئے ہیں۔لاس اینجلس کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق طبی عملے کو شہر کے بیل ایئر علاقے میں واقع مائیکل جیکسن کے گھر بلایا گیا تھا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گھر سے انہیں یونیورسٹی کالج ہسپتال لے جایا گیا۔ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق راستے میں طبی عملہ ان کو ہوش میں لانے کی کوشش کرتارہا۔پاپ سٹار مائیکل جیکسن کی عمر پچاس سال تھی اور وہ جولائی میں لندن میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے شوبز کی دنیا میں واپس آ رہے تھے۔مائیکل جیکسن کے پرستار یونیورسٹی کالج ہسپتال اور ان کی رہائش کے باہر اکٹھے ہو گئے ہیں جبکہ پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔مائیکل جیکسن نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز اپنے فیملی گروپ جیکسن فائیومیں ایک چائلڈ سٹار کی حیثیت سے گیارہ سال کی عمر میں کیا تھا۔ بعد میں انہوں نے عالمی شہرت حاصل کر لی اور سولو آرٹسٹ کے طور ’تھرِلر‘ اور ’بیڈ‘ جیسے شہرہ آفاق گانے تخلیق کیے۔لیکن حالیہ سالوں میں ان کی شخصیت تنازعات اور مالی مشکلات میں گھری ہوئی نظر آئی اور وہ تقریباً گوشہ تنہائی میں چلے گئے۔ چار سال پہلے ان پر بچوں سے جنسی زیادتی کا مقدمہ چلایا گیا جس سے وہ بری تو ہو گئے لیکن مقدمے کی وجہ سے ان کی شہرت کو بہت نقصان پہنچا۔انہوں نے دو مرتبہ شادی کی تھی اور ان دو شادیوں سے ان کے تین بچے ہیں۔مائیکل جیکسن کے پرستاروں اور دوستوں نے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ مائیکل جیکسن کے ذاتی دوست اور امریکہ میں شہری حقوق کے کارکن ال شارپٹن کا کہنا ہے کہ مائیکل جیکسن ایک تاریخی شخصیت تھے جنہوں نے امریکی معاشرے میں سیاہ فام افراد کی سلیبرٹی کی حیثیت سے قبولیت کے عمل کو آگے بڑھایا۔
مائیکل جیکسن کی سابق اہلیہ لیزا میری پریسلے کا کہنا ہے کہ مائیکل کے انتقال کی خبر سن کر انہیں دکھ پہنچا ہے۔مائیکل جیکسن کے دیرینہ دوست ا±ری گیلر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس افسوس ناک خبر نے انہیں فرط جذبات سے نڈھال کر دیا ہے۔یہاں سڈنی میں مائیکل جیکسن کے پرستاروں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی طور پر شہرت یافتہ فنکار ریاض شاہ نے گونج کو بتایا کہ مائیکل جیکسن جیسے فنکار صدیوں میں جنم لیتے ہیں۔ پرتھ سے سڈنی کے دورے پر آئے ہوئے معروف شاعر ندیم ندوی سے فون پر بات ہوئی تھی تو انہوں نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔بہت سے لوگ یہ بات بھی بہت وثوق سے کر رہے ہیں کہ مائیکل جیکسن نے اسلام قبول کر لیا تھا اور اسکی خبر بھی عالمی اخبارات میں کچھ اس طرح شائع ہوئی تھی۔ امریکہ اور یورپی ممالک کے مشہور پوپ سنگر نے مائیکل جیکسن نے اسلام قبول کرلیا ہے۔ اس بات کا انکشاف لندن کے ایک اخبار نے اپنی اشاعت میں کیا ہے۔مائیکل جیکسن نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ لاس اینجلس میں اپنے دوست کے گھر پر کیا، ان کا نیا نام میکائل رکھا گیا ہے۔ لاس اینجلس کی ایک مسجد کے امام نے مائیکل کوکلمہ حق پڑھایا۔